وزیراعلیٰ بلوچستان کے استعفی سے متعلق جعلی خبریں سوشل میڈیا پر پھیلنے لگیں

Published On 18 September,2021 10:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے استعفی سے متعلق جعلی خبریں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے لگیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں سیاسی محاذ سرگرم ہیں،اپوزیشن کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں جمع کروائی گئی ہے، یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی جو کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما بھی ہیں متحرک ہو گئے ہیں ، وہ پارٹی کارکنوں اور اتحادیوں سے مشاورت کر رہے ہیں۔

اسی دوران سوشل میڈیا پر جعلی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ جس میں کہا جا رہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے استعفی دیدیا ہے اور انہوں نے اپنا استعفی گورنر بلوچستان سیّد ظہور آغا کو بھجوا دیا ہے۔

یہ خبریں سامنے آنے کے بعد ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت 5 سالہ مدت پوری کریگی، جو افواہیں و پروپیگینڈہ سوشل میڈیا پر کیا جارہا ہے اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے

ان کاکہناہے کہ عوام خودساختہ پروپیگینڈہ پر دھیان نہ دیں صوبائی مخلوط حکومت میں شامل تمام سیاسی جماعتیں و رفقاء وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ساتھ ہیں اور ان پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں صوبائی حکومت کو رفقاء و عوام کی بھرپور تائید حاصل ہے اور رہے گی اور تحریک عدم اعتماد بری طرح نہ صرف ناکام ہو گئی بلکہ اپوزیشن کو ناکامی دیکھنی پڑے گی اوراس کی کبھی بھی یہ خواہش پوری نہیں ہو گی۔

لیاقت شاہوانی کاکہناہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال صوبائی حکومت کی تشکیل کے وقت سے اب تک یکساں مواقع پر قائم ہے جس کا مقصد صوبےکےعوام کے حقوق کا تحفظ۔پسماندگی کا خاتمہ اور وسائل پر عوام کی دسترس شامل ہیں اوران مقاصد کےلئے مخلوط حکومت کی سیاسی جماعتیں و رفقاءدلجمعی سے مشترکہ کاوشوں میں سرگرم عمل ہیں انشاء اللہ یہ تحریک عدم اعتماد بری طرح ناکام ہو گی اورکامیابی و فتح حق و سچ کی ہو گی یہ حکومت عوامی مینڈیٹ کا مقررہ عرصہ یعنی پانچ سال پورے کرے گی۔
 

Advertisement