لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں جعلی خبریں ایک عفریت بن کر سامنے آئی ہیں، ان سے نمٹنے کے لیے حکومتیں تگ و دو ہیں اسی حوالے سے پاکستان میں بھی جعلی خبروں سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم، صدر سمیت وفاقی وزراء اعلان کرتے ہیں کہ مستقبل میں جعلی خبروں سے نبرد آزما ہونے کے لیے فی الفور ایکشن لینے کی ضرورت ہے، اسی حوالے سے فواد چودھری کا ایک اور بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کو فیک نیوز کا چیلنج درپیش ہے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری سے آذربائیجان کے سفیرخضرفرہادوف نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول فلم، ڈرامہ، میوزک اور میڈیا کے شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان اورآذربائیجان کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے۔ فلم، ڈرامہ اور میوزک کے شعبوں میں پاکستان اور آذربائیجان ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ ازبکستان کے ساتھ مل کرظہیرالدین بابرپرایک فلم تیار کی جا رہی ہے۔ ہم آذربائیجان کے ساتھ بھی فلم اور ڈرامہ کی صنعت میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پاکستانی ڈراموں کا ترجمہ کرکے آذربائیجان کے عوام کو پیش کیا جاسکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ میڈیا کے شعبوں میں تعاون بالخصوص اے پی پی، وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ اور آذربائیجان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے درمیان خبروں اور معلومات کے تبادلہ سے فیک نیوز کا خاتمہ ممکن ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پاکستان نے ملکی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف کورونا وبا کا مقابلہ کیا بلکہ سمارٹ لاک ڈاﺅن کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے ملکی معیشت کو بھی مستحکم بنایا۔ آج پوری دنیا وزیراعظم عمران خان کے ان اقدامات کی معترف ہے۔