نواز شریف کو ہم پاکستان واپس لائیں گے: فواد چودھری

Published On 28 December,2021 04:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف خود پاکستان واپس نہیں آئیں گے بلکہ ہم لائیں گے، ملزمان کی حوالگی پر برطانیہ سے بات کررہے ہیں۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری نے کہا کہ حکومت گرانے کی باتیں پہلے بھی ہوئی تھیں اب بھی ہورہی ہیں، فضل الرحمان نے بھی مارچ کا اعلان کیا تھا لیکن کیا ہوا، سارے دیہاڑی دار سیاستدان ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری نے ملک کو نقصان پہنچایا اس لیے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس جانا پڑرہا ہے، رانا شمیم کیس میں سیسلین مافیا بے نقاب ہوا جبکہ نوازشریف کو ہم واپس لائیں گے وہ خود نہیں آئیں گے، ملزمان کی حوالگی پر برطانیہ سے بات کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دیدی ہے، قومی سلامتی پالیسی عام آدمی کی زندگی سے منسلک ہے اور اس سے عام آدمی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، اس کے علاوہ قومی سلامتی پالیسی معاشی صورتحال سے بھی منسلک ہے۔ کابینہ کو یوریا کی پیدوار پر بریفنگ دی گئی، اچھی پیداوار سے کاشتکاروں کو 1100 ارب روپے اضافی آمدن ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ زراعت کے شعبے پر حکومت توجہ دے رہی ہے جب کہ کھاد کا بحران پیدا ہوا ہے، عالمی منڈی میں ڈی اے پی کی قیمت 12 ہزار روپے ہے تاہم یوریا کھاد ملک میں بن رہی ہے اور بڑی پیدوار حاصل کی، حکومت کے پاس یوریا کا اسٹاک بھی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے پاکستان کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی

فواد چودھری نے کہا کہ ناظم جوکھیو کے قاتلوں کو بچانے کے لیے کوششیں کی گئیں تاہم کابینہ نے ناظم جوکھیو قتل کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی منظوری دی ہے۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی

فاقی کابینہ نے پاکستان کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی۔ نیشنل سیکیورٹی پالیسی قومی سلامتی ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی۔

وزیر اعظم کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دی گئی۔ قومی سلامتی پالیسی 2022 تا 2026 کیلئے ہے۔ قومی سلامتی پالیسی کے تحت شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دیدی، قومی سلامتی کی پالیسی نہایت جامع ہے، قومی سلامتی کیساتھ فوڈ سکیورٹی وابستہ ہے، پہلی بار قومی سلامتی کو معاشی صورتحال سے جوڑا گیا ہے، قومی سلامتی کی پالیسی کاسب سے اہم نقطہ عام آدمی کو تحفظ فراہم کرنا ہے، پالیسی کے ذریعے عام آدمی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، عام آدمی کے تحفظ تک ملکی سکیورٹی کو خطرہ لاحق ہوگا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ زراعت کے شعبے پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے، کپاس، گندم، چاول اور گنے کی تاریخ کی سب سے بڑی پیداوار حاصل ہوئی، اچھی پیداوار سے کاشتکاروں کو 1100 ارب اضافی آمدن ہوئی، ٹریکٹر اور زرعی آلات کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، کابینہ کو یوریا کی پیداوار پر بریفنگ دی گئی، ان یوریا پلانٹس کو گیس فراہم کی گئی جنہیں عام طور پر ان دنوں میں گیس نہیں دی جاتی، عالمی مارکیٹ میں یوریا کی قیمت 10 ہزار روپے جبکہ پاکستان میں 1700 سے 1900 میں بک رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کے پاس یوریا کا اسٹاک موجود ہے، یوریا کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے باعث مصنوعی قلت کا سامنا رہا، آئندہ 48 گھنٹے میں یوریا کی فراہمی میں نمایاں فرق پڑے گا۔ کھاد کا بحران پیدا ہوا ہے، ڈی اے پی ہم درآمد کرتے ہیں۔

مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی یہ پہلی قومی سلامتی پالیسی ہے، واضح وژن کے ذریعے ہی آئندہ کی حکمت عملی اور پالیسی مرتب دی جاسکتی ہے، سیکیورٹی کا مقصد ملک کے عام شہری کو تحفظ فراہم کرنا ہے، قومی سلامتی پالیسی پر 2014 سے کام شروع ہوا اور 7 سال اس پر لگے، قومی سلامتی پالیسی میں معاشی سلامتی پر سب سے زیادہ فوکس کیا گیا۔

Advertisement