خیبر پختونخوا پولیس: وزیراعظم و دیگر کے ٹوئٹر اکاؤنٹ ان فالو کرنیکی خبریں جعلی

Published On 07 July,2022 10:04 pm

پشاور:(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا پولیس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے وزیراعظم، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے وفاقی وزرا کو ان فالو کرنے کی خبروں کو جعلی قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کے پی پولیس کی جانب سے پوسٹ شیئر کی گئی جس میں بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی فیک نیوز کہ خیبرپختونخوا پولیس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے وزیراعظم، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے تمام وفاقی وزراء کو unfollow کیا ہے کی سختی سے تردید کرتی ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے پوسٹ میں لکھا گیا کہ یہ بات وضاحت سے بتائی جاتی ہے کہ کے پی پولیس نے گزشتہ کئی سالوں سے کسی بھی آئینی ادارے یا عہدیدار کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ان فالو نہیں کیا اور یہ جو جھوٹی خبر پھیلائی گئی ہے سراسر غلط اور حقائق کے منافی ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس ایک غیر سیاسی اور پروفیشنل ادارہ ہے جو دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف برسر پیکار ہے، کے پی پولیس کی تاریخ بیش بہا کامیابیوں اور لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔

ٹویٹ میں لکھا گیا کہ چند مفاد پرست افراد کی جانب سے پھیلائی گئی فیک نیوز سے خیبر پختونخوا پولیس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، کے پی پولیس ایسی فیک نیوز پھیلانے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔
 

Advertisement