اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت صنعت و پیداوار کے ترجمان نے کہا ہے کہ کھاد کمپنیوں کے لئے گیس پر سبسڈی ختم نہیں کی جا رہی، فرٹیلائزر کمپنیوں کے لیے گیس پر سبسڈی ختم کرنے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
ترجمان وزارت صنعت و پیداوار نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ یہ معاملہ کابینہ کے ایجنڈے میں بھی شامل نہیں تھا، کھاد کمپنیوں کے لیے گیس کی قیمتوں کا تعین اقتصادی رابطہ کمیٹی کرے گی۔
فرٹیلائزر کمپنیوں کے لئے گیس کی قیمتوں کا تعین ماضی کے طے شدہ اصولوں پر ہوگا تاکہ کھاد کی قیمت میں کسی قسم کا اضافہ نہ ہو۔
ترجمان وزارت صنعت و پیداوار نے کہا کہ کھاد کی قیمتوں کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔