بنگلا دیش میں اینٹوں کے بھٹے سے سونا نکلے والی خبر افواہ نکلی

Published On 28 May,2024 12:23 pm

ڈھاکہ :(ویب ڈیسک ) سوشل میڈیا پر ایسی کئی خبریں موجود ہیں جو کہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ بخوبی حاصل کر لیتی ہیں بنگلا دیش میں بھٹے سے سونا نکلنے کی خبر بھی انہی میں سے ایک ہے۔

حال ہی میں بنگلادیش سے متعلق ایک خبر عالمی میڈیا کی بھی توجہ حاصل کی ہے، جہاں بنگلادیشیوں کو شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کے ایک گاؤں میں اینٹوں کے بھٹے سے سونا نکلنے کی خبر نے آس پاس کے گاؤں والوں کو پاگل کر دیا ہے، جو کہ سونا نکالنے کی تلاش میں امڈ آئے۔

سینکڑوں کی تعداد میں رہائشی سونا نکالنے بیلچے، چھینی سمیت مختلف اوزار لے آئے، تاہم کامیابی کسی کو نہ مل سکی۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ خبر محض افواہ تھی جس کی بنیاد پر شہری سونے کی تلاش میں اس بھٹے کی طرف آئے، مٹی سے سونا نکلنے کی خبر جنگل میں آگ کی طرح اس انداز میں پھیلی کے اب اگر میڈیا اس خبر کی تردید بھی کر رہا ہے تو شہری میڈیا کی خبر پر شک کر رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک شہری مہنتا کمار نے بتایا کہ اس نے بھی لوگوں سے ہی سنا تھا کہ اس بھٹے کی مٹی سے سونا نکل رہا ہے، اس لیے وہ بھی سونے کی تلاش میں یہاں آیا ہے۔

بنگلادیش کے ضلع ٹھاکر میں یہ واقعہ رونما ہوا ہے، جبکہ بھٹے کے مالک کا ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ خبر ایک ماہ پہلے پھیل گئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ بھٹے کے قریب مٹی سے سونا نکل رہا ہے۔

جبکہ علاقے کے ایگزیکٹیو افسر رقیب الحسن کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر کسی شخص کو شروعات میں مٹی سے سونے کا ٹکڑا ملا ہوگا جس کے بعد یہ افواہ پھیل گئی۔