ارشد ندیم کی اولمپکس میں نیرج چوپڑا کے ریکارڈ توڑنے کی جعلی ویڈیو وائرل

Published On 01 August,2024 07:26 pm

لاہور:(ویب ڈیسک )فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اولمپکس کے عالمی مقابلے جاری ہیں جہاں دنیا بھر سے ہزاروں ایتھلیٹ تمغے اپنے نام کرنے لیے خوب محنت کر رہے ہیں۔

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے سات رکنی دستے کی قیادت کرنے والے جیولِن تھروور ارشد ندیم بھی ایکشن میں نظر آنے کے لیے تیار ہیں،اولمپکس کے دیگر مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس کی مایوس کن کارکردگی کے بعد عوام ارشد ندیم سے تمغہ جیتنے کی بڑی امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ارشد ندیم کے بارے میں ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں صارفین اس بات کا دعویٰ کر رہے ہیں کہ ارشد ندیم نے اپنے روایتی حریف اور انڈین جیولِن تھروور نیرج چوپڑا کا 90 میٹر دور نیزہ پھینکنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹس میں ارشد ندیم کو جیولن پھینکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس میں اُن کا نیزہ 90 میٹر کی دوری پر گرتا ہے۔

دراصل سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو جعلی ہے اور ارشد ندیم کی یہ ویڈیو 2022 میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے مقابلوں کی ہے جہاں انہوں نے 90 میٹر دور نیزہ پھینکا تھا۔

خیال رہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلے 6 اگست سے شروع ہوں گے اور ابھی تک ارشد ندیم یا نیرج چوپڑا نے کسی بھی مقابلے میں حصہ نہیں لیا۔

واضح رہے اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک سے 31 ایتھلیٹ حصہ لے رہے ہیں۔