سرکاری ہسپتالوں میں ایک بار پھر انسولین ناپید، ہزاروں مریض بازار سے مہنگی خریدنے پر مجبور

Last Updated On 13 February,2020 12:53 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) سرکاری ہسپتالوں میں ایک بار پھر سے انسولین ناپید ہوچکی ہے جس کی وجہ سے ذیابیطس کے ہزاروں مریض اوپن مارکیٹ سے ماہانہ ہزاروں روپے خرچ کر کے ویکسین حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں شوگر کنٹرول کرنے میں مددگار دوا انسولین ناپید ہوگئی۔ سول، الائیڈ اور جنرل ہسپتالوں میں آوٹ ڈور وارڈز سے مریضوں کو انسولین کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔ ہسپتالوں میں مفت انسولین نہ ملنے کی وجہ سے غریب مریض اوپن مارکیٹ میں ماہانہ ہزاروں روپے خرچ کرنے پر مجبور ہیں۔ 

شوگر کا مرض خاموش قاتل ہے، محتاط اندازے کے مطابق ہر پانچواں شہری اس مرض کا شکار ہے جبکہ انسولین کی عدم فراہمی مریضوں کی زندگیوں کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

ایم ایس سول ہسپتال کے مطابق انڈوروارڈز اور ایمرجنسی میں انسولین فراہم کررہے ہیں، طبی ماہرین کے مطابق انسولین مہنگی ہونے کی وجہ سے عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے جس کی عدم دستیابی سے ذیابیطس کے مریض، دل ، گردے اور دیگر مہلک بیماریوں میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔
 

Advertisement