پاکستان میں موٹاپے سے لاحق ہونیوالی بیماریوں سے سالانہ 40 لاکھ ہلاکتیں

Last Updated On 01 March,2020 08:34 am

کراچی: (دنیا نیوز) طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں موٹاپا وبائی صورت اختیار کر گیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان میں سالانہ 40 لاکھ افراد موٹاپے اور اس سے لاحق ہونے والی بیماریوں کے نتیجے میں ہلاک ہو رہے ہیں، موٹاپے کی وجہ سے لاحق ہونے والی بیماریوں کے سبب پاکستان میں معذور افراد کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے اور اوسط عمر بھی پانچ سے دس سال کم ہو رہی ہے۔

خبردارموٹاپا صحت مند ہونے کی نہیں بلکہ بیماری کا نام ہے، پاکستان میں ڈیڑھ کروڑ بچے اور ساڑھے چار کروڑ بڑی عمر کے افراد افراد موٹاپے جیسی بیماری کا شکار ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق پاکستان میں سالانہ چالیس لاکھ افراد موٹاپے اور اس سے لاحق ہونے والی بیماریوں کے نتیجے میں ہلاک ہو رہے ہیں۔

بچوں کی جسمانی تفریح میں کمی، الیکٹرانک گیجیٹس کا بڑھتا استعمال اور غیر صحت مند غذا انہیں موٹاپے کا شکار بنا کر مستقبل میں موذی امراض میں مبتلا کر سکتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ موٹاپے کی وجہ سے ڈپریشن اور چڑچڑے پن میں اضافہ ہوتا ہے، ملک کی پچاس فیصد سے زائد آبادی جن بیماریوں کا شکار ہے انکا تعلق غذا سے ہے، متوازن غذا کے استعمال سے موٹاپے کو روکا جا سکتا ہے۔