جکارتہ: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کی تعدا میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، وہیں پر ہلاکتیں بھی بڑھتی جا رہی ہیں، تاہم انڈونیشیا سے ایک خبر آئی ہے جہاں پر ایک 100 سالہ خاتون کووڈ 19 سے صحت یاب ہوگئی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے نے انڈونیشیا کے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ کامتیم نامی خاتون کو رواں ہفتے ملک کے دوسرے بڑے شہر سورابایا میں ایک ماہ تک علاج کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا گیا۔
مشرقی جاوا کے گورنر خفیفہ اندار پارواانسا کا کہنا تھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ان کی صحت یابی سے اس وبا سے لڑنے والے دوسرے بزرگ افراد کی حوصلہ افزائی ہو گی۔
خاتون کی بہو ستی امینہ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ان کی صحت یابی کی وجہ ان کا نظم و ضبط اور استقامت ہے۔
ستی امینہ کا کہنا تھا کہ میں ہر روز نرسوں کے ساتھ ان کی حالت کا جائزہ لیتی رہی اور وہ نرسیں مجھے بتاتیں کہ وہ اپنی دوا لینے کے بارے میں بہت بہادری اور استقامت کا مظاہرہ کرتیں ہیں۔ وہ ہر حال میں بہتر ہونا چاہتی تھیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق، انڈونیشیا میں اب تک 26000سے زیادہ تصدیق شدہ متاثرین اور 1613 اموات ہوئی ہیں۔