لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کا پھیلاؤ مزید تیز ہوگیا، پاکستان مشکل ترین مرحلے میں داخل ہوگیا، جون کے وسط تک کورونا کیسز ایک لاکھ سے تجاوز کر جانے کا امکان ہے۔
حکومتی اندازے کے مطابق جون کے وسط تک خطرناک وائرس 2500 مزید جانیں نگل سکتا ہے، فی الوقت ایس او پیز پر عملدرآمد کے علاوہ حکومت کے پاس اور کوئی آپشن موجود نہیں۔
دوسری جانب لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ محکمہ صحت کی سمری وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کر دی گئی، جس میں لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ کے نتائج اور سفارشات پیش کی گئیں۔ سیکرٹری سپشلائزڈ اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی جانب سے سمری اور سفارشات بھجوائی گئیں۔
لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ کے دوران کئے جانے والے ٹیسٹوں میں 6 فیصد کا رزلٹ پازیٹو رہا، لاہور کے 6 ٹاونز میں پازیٹو ٹیسٹ کی شرح 14 اعشاریہ 7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق سمارٹ سیمپلنگ کے نتیجے میں لاہور میں کرونا کے 6 لاکھ 70 ہزار 800 کیسز کا اندازہ لگایا گیا ہے، ان کیسز میں علامات نہیں پائیں گئیں لیکن یہ انفیکشن اور لوکل ٹرانسمیشن کا ذریعہ بنے، سمارٹ سیمپلنگ مختلف ہاٹ سپاٹس، ورک سٹیشنز اور رہائشی علاقوں سے کی گئی۔