اسلام آباد: (دنیا نیوز) دنیا میں ہر سال 10 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس کے مرض کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ پاکستان میں مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
ہیپاٹائٹس سی کے 5.8 فیصد مریضوں کیساتھ پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ یوں پاکستان میں ہر دسواں مریض ہیپاٹائٹس کا شکار ہے لیکن ان میں اکثریت کو معلوم ہی نہیں کہ انہیں یہ خطرناک مرض لاحق ہے۔
دنیا میں ہیپاٹائٹس بی کے مریضوں کی کل تعداد 25 کروڑ 70 لاکھ جبکہ ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد 7 کروڑ سے زائد ہے۔ ہر سال تقریباً 7 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس بی جبکہ 3 لاکھ سے زائد ہیپاٹائٹس سی کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے 2030ء تک دنیا سے ہیپاٹائٹس سی کو ختم کرنے کے لیے مہم کا آغاز کیا ہے۔ پاکستان میں بھی ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے اس عزم کیساتھ منایا گیا کہ ملک سے اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔