سول ہسپتال فیصل آباد کے ایمرجنسی وارڈ کی لفٹ پھر خراب، مریضوں کو مشکلات

Published On 14 December,2020 08:35 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) سول ہسپتال فیصل آباد کے ایمرجنسی وارڈ کی لفٹ ایک بار پھر خراب ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ضعیف العمر، حادثات اور لڑائی جھگڑوں میں زخمی مریضوں کو میڈیکل اور آرتھو وارڈ میں شفٹ کرتے ہوئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سول ہسپتال فیصل آباد کا دوسرا بڑا ہسپتال ہے جہاں روزانہ لڑائی جھگڑوں اور حادثات میں زخمی سینکڑوں مریضوں کو ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں شفٹ کیا جاتا ہے جبکہ انتظامی نااہلی کے باعث ایمرجنسی وارڈ کی لفٹ ایک بار پھر خرابی کے باعث بند ہوگئی ہے جس کی وجہ سے لواحقین ابتدائی طبی امداد کے بعد مریض کو ریمپ کے ذریعے میڈیکل وارڈ، آرتھو وارڈ یا پھر آپریشن تھیٹر میں منتقل کرتے ہیں۔

ایمرجنسی وارڈ کی یہ لفٹ 6 ماہ خراب رہنے کے بعد چند روز قبل ہی فنکشنل ہوئی تھی جو دوبارہ خراب ہوچکی ہے۔ ڈائریکٹر ایمرجنسی کے مطابق لفٹ کافی پرانی ہے جس کی وجہ سے آئے روز خراب ہوجاتی ہے۔

شہری کہتے ہیں ہسپتال میں مریض کے ساتھ ایک اٹینڈنٹ کی اجازت ہے جس کی وجہ سے مریض کو شفٹ کرتے وقت دیگر مریضوں کے لواحقین یا پھر ہسپتال عملہ کی منت سماجت کرنا پڑتی ہے، فوری طور پر لفٹ کی مرمت کروائی جائے۔
 

Advertisement