فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں بچی پر تشدد کرنے والے ملزم رانا منیر کی ایک لاکھ روپے کے مچلکہ کے عوض ضمانت منظور کرلی گئی،پولیس ملزم کو پروٹوکول کے ساتھ عدالت میں لے کر آئی۔ چائلڈ پرورٹیکشن بیورو کے ملازم غیر حاضر رہے۔
ہفتہ کے روز ایک وڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں نجی ہاوسنگ سوسائٹی کا صدر رانا منیر اپنے نواسے کو برے کام سے روکنے والی ہمسایہ گھر کی ملازمہ ساہیوال کی رہائشی دس سالہ صدف دختر اللہ دتہ کو سربازار بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا جس پر وزیر اعلی پنجاب، آئی جی پنجاب کے نوٹس کے بعد تھانہ مدینہ ٹاون پولیس نے چائلڈ پروٹیکشن آفیسر ثمینہ نادر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا اور مدینہ ٹاون پولیس نے ملزم رانا منیر کو گرفتار کرکے حوالات بند کیا تھا جس کو آج صبح پولیس کی جانب سے پرائیویٹ کار میں بٹھا کر علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکہ جات کے عوض اس کی ضمانت منظور کرلی، اس موقع پر پولیس ملزم کو پرائیویٹ کار میں پروٹوکول کے ساتھ لے کر عدالت میں آئی جبکہ مقدمہ کی مدعی چائلڈ پروٹیکشن آفیسر عدالت میں حاضر ہونے سے گریزاں رہی۔