لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں شوگر کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، وہیں پر ماہرین نے آگاہ کرتے ہوئے بتایاہے کہ اس خاموش قاتل سے نجات حاصل کرنے کے لیے پانچ علامات کا خاص خیال رکھیں۔
تفصیلات کے مطابق اگر 40 سال کی عمر میں آپ کو وزن میں اضافہ ہوتا محسوس ہو رہا ہے تو یہ ذیابیطس یا شوگر کی ابتدا ہوسکتی ہے۔
سکائی نیوز عربیہ کے مطابق ڈاکٹروں نے اس بات پر زور دیا کہ بیماری کی جلد تشخیص کرنا انتہائی ضروری ہے۔ ان احتیاطی تدابیر سے کئی سنگین پیچیدگیوں سے بچا جاسکتا ہے۔
معروف میڈیکل ویب سائٹ ویب طب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کچھ نمایاں علامات ہیں جن کے ذریعے لوگ جان سکیں گے کہ انہیں بیماری ہے یا نہیں؟
خشک منہ
اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ کا جسم پیشاب کے ذریعے بہت سارا پانی کھو دیتا ہے۔ جو پانی کی کمی اور انتہائی پیاس کا باعث بنتا ہے۔
پیشاب میں اضافہ
خون میں شوگر کی سطح میں اضافہ گردوں کے کام کو تیز کر دیتا ہے، جو پیشاب کے ذریعے اضافی مواد سے نجات حاصل کرتے ہیں۔ جس سے بار بار پیشاب آتا ہے۔
نظر کی کمزوری
اگر آپ کو دیکھنے میں دشواری ہو رہی ہے اور کسی چیز پر فوکس کرنا مشکل ہو جاتا ہے تو یہ شوگر کی ایک علامت ہوسکتی ہے۔
زیادہ بھوک لگنا
اس کی وجہ یہ ہے کہ جسم میں گلوکوز کی کمی ہو جاتی ہے۔ گلوکوز جسم کے خلیے طاقت کے حصول کے لیے استعمال کرتے ہیں، جب آپ کا جسم خود بخود طاقت کے لیے اضافی ذرائع کی تلاش شروع کردیتا ہے تو بھوک زیادہ لگتی ہے۔
تھکاوٹ محسوس کرنا
ہائی بلڈ شوگر کی سطح جسم کو انسولین کا مناسب ردعمل دینے سے روکتی ہے، اور یہاں تک کہ خلیوں کو بھی خون میں گلوکوز جذب کرنے میں دشواری ہوتی ہے، جو تھکاوٹ اور تھکن کا باعث بنتا ہے۔