عالمی ادارہ صحت کا سندھ کو 22 کروڑ روپے مالیت کے طبی سامان اور گاڑیوں کا عطیہ

Published On 10 December,2020 04:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) عالمی ادارہ صحت نے سندھ کو 22 کروڑ روپے مالیت کے طبی سامان اور گاڑیوں کا عطیہ دیدیا۔ موبائل ویکسینیشن وینز،ڈبل کیبن گاڑیاں،طبی سامان شامل ہیں،صوبے میں 345 ویکسینیشن سینٹرز کی تزئین و آرائش بھی شروع کردی۔

عالمی ادارہ صحت نے محکمہ صحت سندھ کو 22 کروڑ مالیت کی موبائل ویکسینیشن وینز، نگرانی کے لیے ڈبل کیبن گاڑیاں اور طبی سازوسامان کا عطیہ دیا ہے جبکہ ادارے نے صوبے بھر میں 345 ویکسینیشن سینٹرز کی تزئین و آرائش اور ان میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی بھی شروع کر دی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے ای پی آئی سندھ کے ہیڈ کوارٹر میں طبّی سازوسامان اور دیگر اشیاء وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے حوالے کیں۔

طبی اشیاء محکمہ صحت سندھ حوالے کرنے کی تقریب ای پی آئی سندھ کے کراچی دفتر میں منعقد ہوئی خطاب میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت نے سندھ کے عوام کے لئے ہمیشہ طبی سہولیات کی فراہمی میں اور ساز و سامان کی فراہمی میں مدد فراہم کی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر عالمی ادارہ صحت سے درخواست کی کہ وہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے ویکسین کی فراہمی، ویکسین کی کولڈ چین برقرار رکھنے اور اسے صوبے بھر کے غریب عوام تک پہنچانے میں بھی محکمہء صحت سندھ کی مدد کریں۔