کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کے معروف تاجر اور کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر سراج قاسم تیلی دبئی میں انتقال کر گئے ہیں۔ چیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی میں نمونیا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ چند دن سے دبئی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
سترہ مئی 1953ء کو کراچی میں پیدا ہونے والے سراج قاسم تیلی نے 1974ء میں گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس، کراچی سے گریجویشن کی۔ ملکی معیشت اور پبلک سروس میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا اور ان کی خدمات کے اعتراف میں سابق صدر آصف علی زرداری نے انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا۔
سراج قاسم تیلی کو کراچی کی آواز تصور کیا جاتا تھا اور انہوں نے ہمیشہ کراچی کے انفرا اسٹرکچر میں بہتری کے لیے آواز اٹھائی اور کوششیں بھی کیں۔
سراج تیلی کو گزشتہ 19 سالوں میں بزنس اینڈ انڈسٹریل کمیونٹی کی غیر معمولی قیادت کے لئے پہچانا جاتا تھا۔ انہوں نے تجارتی سیاست اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری اور عوامی خدمت اور سماجی کام کے دیگر پلیٹ فارمز کے کام میں انقلابی اور ترقی پسند تبدیلیاں کیں۔
انہوں نے بزنس کمیونٹی کے نمائندے کی حیثیت سے متعدد سرکاری اور نیم سرکاری تنظیموں کے بورڈ پر خدمات انجام دیں۔ ان میں سائٹ لمیٹڈ، لینڈ یوٹیلیٹیشن، پورٹ قاسم اتھارٹی، سول ایوی ایشن اتھارٹی سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ، ورکرز ویلفیئر فنڈ، کے الیکٹرک ، کے پی ٹی اور بہت سارے تعلیمی ادارے شامل ہیں۔
سراج تیلی کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر، پاکستان بیوریج مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور سرپرست اعلیٰ چیف اور سائٹ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔