کراچی: اورنگی ٹاؤن کا ہیلتھ سینٹر حکومتی بے حسی کے سبب ڈسپنسری تک محدود ہو گیا

Published On 25 January,2021 09:03 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی اورنگی ٹاؤن سیکٹر پندرہ سی میں قائم دس بستروں پر مشتمل اربن ہیلتھ سینٹر حکومتی بے حسی کے سبب ڈسپنسری تک محدود ہوگیا، سینٹر کی ایک منزل کو رہائش گاہ اور دوسری منزل پر ٹاؤن ہیلتھ افسر اور عالمی ڈونر ایجنسی نے دفتر قائم کرلیا۔

کراچی کی سب سے بڑی کچی آبادی اورنگی ٹاون کے مسائل بھی بڑے اور گھمبیر ہیں۔ محکمہ صحت کی عدم توجہی کے سبب سندھ میں صحت کے شعبے کا برا حال ہے۔ اورنگی ٹاون سیکٹر پندرہ سی کا دس بستروں پر مشتمل اربن صحت کا مرکز ڈسپنسری تک محدود رہ گیا۔ سینٹر میں ایکسرے مشین غیر فعال، لیبارٹری اور ٹی بی سینٹر بند کر دیئے گئے۔

مکین کہتے ہیں سینٹر میں صرف نیلی پیلی دوائیں ملتی ہیں۔ کوئی طبی سہولیات نہیں۔ ٹائون ہیلتھ افسر کہتے ہیں دس بستروں پر مشتمل اس سینٹر کی تزئین و آرائش نہیں ہوئی۔ اربن ہیلتھ سینٹر کے خستہ حال درو دیوار، گندگی اور غیرفعال ہونے کے سبب علاقہ مکین میلوں دور سرکاری ہسپتال جانے پر مجبور ہوگئے۔