خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں سالوں سے چھائے مافیا کا راج برقرار، انتظامیہ بے بس

Published On 27 January,2021 09:34 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سرکاری اداروں کے اندر قبضہ مافیا نے پنجے گاڑ لیے، صوبے کے دوسرے بڑے ہسپتال خیبر ٹیچنگ میں آکسیجن سانحہ کے بعد ہسپتال کے اندر سالوں سے مافیا کا انکشاف ہوا ہے، حکومت اور انتظامیہ قبضہ مافیا کے سامنے بے بس ہوگئے۔

خیبر پختونخوا میں سرکاری زمینوں پر قبضہ مافیا کا راج ختم نہ ہو سکا، صوبے کے دوسرے بڑے سرکاری ہسپتال خیبر ٹیچنگ کی پانچ کینٹینوں پر قابض مافیا کو ہٹایا نہ جاسکا۔ ہسپتال انتظامیہ بھی سالوں سے قابض مافیا کے خلاف کارروائی کرنے میں بے بس دکھائی دے رہی ہے، انتظامیہ کے مطابق کینٹین مالکان نہ صرف سرکاری ملکیت پر قابض ہیں بلکہ بجلی اور سوئی گیس بلوں سمیت کئی سالوں سے کرایہ بھی ادا نہیں کررہے ہیں۔

دوسری جانب شہریوں نے بھی سرکاری اداروں میں سرگرم قبضہ مافیا پر افسوس کا اظہار کیا، شہری کہتے ہیں کہ حکومت کا صحت کے اداروں میں موجود قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن نہ لینا سمجھ سے بالاتر ہے، حکومت کو کاروائی کرنی چاہیے۔ ہسپتال انتظامیہ سالانہ 40 کروڑ روپے بجلی اور گیس کے بلوں کی مد میں ادا کررہی ہے جس میں پانچ کینٹینوں کے لاکھوں روپے کے بل بھی شامل ہیں۔