سوات میں 2 ہزار سال پرانے فن پارے دریافت

Published On 21 January,2021 04:45 pm

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستانی صوبے خیبرپختونخوا کے مالا کنڈ ڈویژن کے ضلع سوات میں دو ہزار سال پرانے فن پارے دریافت ہوئے ہیں، یہ بدھ مت کے دور کے فن پارے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق یہ پینٹنگز فریسکو آرٹ میں بنائی گئی ہیں اور دریافت انتہائی بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔ فریسکو آرٹ کا آغاز کیسے ہوا، اس بارے میں کوئی واضح تحقیق موجود نہیں ہے لیکن کہا جاتا ہے کہ فریسکو اطالوی زبان کا لفظ ہے اور فریسکو پینٹنگز کا آغاز اٹلی میں 13 ویں صدی عیسوی میں ہوا یعنی آج سے تقریباً سات سو سال قبل ہوا تھا۔

اس بارے میں کہا جاتا ہے کہ فریسکو آرٹ 3300 قبل عیسوی یعنی زمانہ قدیم میں پایا جاتا ہے لیکن اس کی کوئی پینٹنگز کا ذکر سامنے نہیں آیا۔

اب پاکستان میں بدھ مت کی حالیہ دریافت میں ایسے نایاب فن پارے ملے ہیں جو تقریباً دو ہزار سال قدیم ہیں۔ اس دریافت کے بعد یہ واضح ہو جاتا ہے کہ فریسکو آرٹ کا آغاز اس خطے میں بدھ مت کے دور میں ہو چکا تھا جبکہ مصر میں زمانہ قدیم میں اس فن کے آثار پائے جاتے تھے۔

بی بی سی کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے سوات کے قریب عباس چینہ میں بدھ مت دور کا ایک بڑا کمپلیکس دریافت ہوا ہے یعنی یہ تخت بھائی کی طرح بڑا علاقہ ہے جہاں پر متعدد ایسے آثار ملے ہیں جو دو ہزار سال قدیم ہیں۔

محکمہ آثار قدیمہ کے ڈائریکٹر عبدالصمد خان نے بی بی سی کو انٹرویو میں بتایا کہ پینٹنگز یا ان فن پاروں کی دریافت بڑی کامیابی ہے اور اس سے بدھ مت کے دور کو سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے اور واضح ہوجاتا ہے کہ اس دور میں بھی اس طرح کی ٹیکنیکس استعمال کی جاتی تھیں۔


ماہرین کے مطابق یوں تو بدھ مت کے اس کمپلیکس سے چار بڑے سٹوپا، مونیسٹی یعنی بادشاہت کے دور کے حصے، دیگر نوادرات اور ایسے سِکّے ملے ہیں جو پہلی صدی عیسوی کے ہیں۔ اس میں ایک اہم دریافت دوہری منزل والی عمارت یعنی ڈبل سٹوری عمارت بھی ملی ہے۔ اس مقام پر اب تک صرف چالیس فیصد کھدائی کی گئی ہے اور امید یہ کی جارہی ہے کہ یہاں سے مزید اہم دریافت بھی ممکن ہیں۔

عبدالصمد خان نے بتایا کہ محکمہ آثار قدیمہ نے ایک ماہ پہلے یہاں کھدائی کا عمل شروع کیا تھا۔ تین پینٹنگز دریافت ہوئی ہیں جن کی لمبائی اور چوڑائی چھ چھ انچ ہے۔ پینٹنگ کی حالت نہ تو بہت اچھی ہے اور نہ ہی بہت خراب ہے بلکہ اس کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ ان پینٹنگز میں بدھا کے دو مختلف ادوار کے عکس ہیں۔ ان میں ایک عکس بدھ استوا کا ہے اس کے مطلب بدھا کا وہ دور جب وہ عبادت کے ایک اہم دور سے گزر رہا تھا اور اس وقت تک بدھا مکمل نہیں ہوا تھا۔ دوسرا عکس بدھا کے مکمل ہونے کا جب عبادت اور ریاضت کے بعد بدھا کا درجہ حاصل ہوگیا تھا۔