انڈے کھانے سے کولیسٹرول کی مقدار پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا: طبی تحقیق

Published On 22 February,2021 05:33 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ انڈے کھانے سے کولیسٹرول کی مقدار پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا کیونکہ یہ غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔

انڈوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے کھانے سے جسم میں کولیسٹرول کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ اسی وجہ سے کئی لوگ انڈے کھانے سے گریز کرتے ہیں۔ لیکن کیا واقعی انڈے صحت کے لیے مضر ہوتے ہیں؟

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماہر غذائیت کا کہنا ہے کہ انڈے کو اس کی زردی کے ساتھ کھانا چاہیے۔ انڈے کی زردی، جس کو کولیسٹرول سے بھرپور سمجھا جاتا ہے، وہ فوسفور لپڈز کا بہترین ذریعہ ہے۔

انہوں نے فوسفور لپڈز کے بارے میں کہا کہ یہ ایک طرح کی چربی ہوتی ہے جس سے کولیسٹرول کے میٹابولزم پر فائدہ مند اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی جسم میں سوزش دور کرنے کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔

تحقیق کے مطابق انڈے کھانے سے کولیسٹرول کی مقدار پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا کیونکہ یہ غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ان میں پروٹین، بی وٹامنز، آئرن اور وٹامن اے بھی شامل ہوتے ہیں۔

اںڈوں کو خوراک میں کیسے شامل کیا جائے؟ انڈوں کے بارے میں سب سے اچھی بات یہ ہے کہ انہیں مختلف طریقوں سے پکایا جاسکتا ہے۔ ان کو سالن میں پکا کر چاول یا روٹی کے ساتھ بھی کھایا یا اس کا آملیٹ بنایا جاسکتا ہے۔ ایک دن میں کتنے انڈے کھانے چاہیے؟

ماہر غذائیت کے مطابق ایک دن میں بہت زیادہ یا بہت کم انڈے نہیں کھانے چاہییں، توازن برقرار رکھنا صحت کے لیے اچھا ہے۔ تحقیقات بتاتی ہیں کہ ایک دن میں ایک سے دو انڈے کھائے جاسکتے ہیں۔