پشاور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی تیسری لہر میں اضافے کے بعد پشاور کے دو بڑے ہسپتالوں میں بیڈز کی گنجائش ختم ہو گئی، لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں او پی ڈی سروسز کو بند کردیا گیا، خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی داخلوں پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی گئی۔
کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران پشاور میں کیسز کی شرح میں اضافہ ہونے لگا، صوبہ کے سب سے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ کی او پی ڈی کو مریضوں کے لیے بند کردیا گیا۔
پشاور کے دو بڑے ہسپتالوں میں بیڈز کی گنجائش ختم ہو گئی، خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں صرف 2 بیڈز خالی رہ گئے، ہسپتال میں کورونا مریضوں کےلیے 106 بیڈزمختص ہیں جن میں سے 104 پر مریض داخل ہیں۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 154 بیڈز کورونا مریضوں کے لیے مختص ہیں جن میں سے 136 پر مریض داخل ہیں، ہسپتال میں صرف 18 بیڈز کی گنجائش باقی رہ گئی۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، اعلامیے کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ، ایم پی اے ہاسٹل اور اسپیکرہائوس میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے جو تاحکم ثانی عائد رہے گی۔