کورونا کی دوسری ڈوز لگوانے والوں کیلئے اتوار کا دن خصوصی طور پر مقرر

Published On 04 September,2021 05:33 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اتوار کا دن خصوصی طور پر کورونا کی دوسری ڈوز لگوانے والوں کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کورونا ویکسین کی دوسری ڈوزلگوانے والے افراد کو اہم اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ وہ تمام افراد جن کی دوسری ڈوز کا مقرر وقت ہو چکا ہے وہ میسج کا انتظار کیے بغیر ویکسین سینٹر پہنچے اور ویکسین لگوائیں۔،

این سی او سی کے مطابق اتوار کا دن خصوصی طور پر دوسری ڈوز لگوانے والوں کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری طرف ملک بھر میں 6 کروڑ سے زائد افراد کو انسداد کورونا ویکسین لگا دی گئی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ گزشتہ روزملک میں 11 لاکھ 51 ہزار 390 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ ملک بھر میں اب تک 6 کروڑ 5 لاکھ 36ہزار 148 ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

دوسری طرف کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ہوائی سفر سے متعلق سول ایوی ایشن نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس پر کورونا ویکسی نیشن کو یکم اکتوبر سے لازمی قرار دے دیا گیا۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یکم اکتوبر سے ویکسی نیشن کی دو ڈوز لگانے والے مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔ 17 سال اور زائد عمر کے مسافروں کو بغیر کورونا سرٹیفکیٹ جہاز میں سوار نہ ہونے دیا جائے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کو عمل درآمد کی ہدایت کر دی ہے۔ 17 سال سے کم عمر افراد اور مریضوں کو کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ ہوگا۔ مریضوں کو استثنیٰ سے متعلق میڈیکل سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔

سی اے اے نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان آنے اور جانے والے مسافروں پر سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ کی شرط برقرار ہے۔ بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافروں کے ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ ہوں گے۔

Advertisement