ڈاکٹروں کے جائز مطالبات مان لیے، تنخواہوں پر اتفاق نہیں ہوسکا: صوبائی وزیر صحت

Published On 12 January,2022 03:39 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کے جائز مطالبات مان لیے ہیں، تنخواہیں بڑھانے پر اتفاق نہیں ہوسکا، اس وقت اسسٹنٹ کمشنر پچاس ہزار، ڈاکٹرز 70 ہزار روپے تنخواہ لے رہے ہیں۔

دالبندین میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سید احسان شاہ کاکہنا تھا کہ احتجاج پر بیٹھے ڈاکٹرز کے ساتھ سنجیدگی سے مذاکرات جاری تھے، کل ان کے ساتھ میٹنگ بھی رکھی تھی ۔آج ریڈ زون پر احتجاج مناسب نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی تنخواہ بڑھانے سے سالانہ فنانس پر 7 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا جبکہ محکمہ صحت بلوچستان کا سالانہ بجٹ ہی 45 ارب ہے۔ اس وقت ہمارے پاس اتنا بجٹ نہیں کہ تنخواہیں بڑھا سکیں البتہ درمیانی راستہ نکالیں گے۔

سید احسان شاہ نے کہا کہ ڈاکٹروں کے احتجاج سے مریض شدید پریشان ہیں۔ ڈاکٹرز ڈیوٹی نہ دینے کے باوجود تنخواہ لے رہے ہیں جو کہ مریضوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کے ساتھ پہلے بھی مذاکرات کررہے تھے اب بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
 

Advertisement