خلاصہ
- کوئٹہ:(دنیا نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پانی کی صورتِ حال انتہائی تشویشناک حد تک پہنچ گئی۔
کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت واٹر سکیورٹی اینڈ ریسورسز ایکشن پلان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں شہر میں زیر زمین پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانے اور مستقبل میں پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے سے متعلق مختلف امور کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں پانی کی صورتِ حال انتہائی تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے، آئندہ چند سالوں میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنرکوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ واٹرایمرجنسی ایکشن پلان پر موثر اور فوری عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے، غیر قانونی ٹیوب ویلز اور بے دریغ استعمال سے پانی کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے ۔
شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ آئندہ 5سے 10 سال کے دوران کوئٹہ کو پانی کے شدید بحران کاسامنا کرنا پڑسکتا ہے، زیرزمین پانی میں توازن برقرار رکھنے کےلئے موثر مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جائے۔
آخر میں اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا کہ گھروں اور سرکاری عمارتوں میں چھوٹے ریچارج پوائنٹس قائم کئے جائیں، جب کہ کمشنر کوئٹہ نے ہدایت کی کہ باہمی تعاون سے جلد از جلد واٹر سیکیورٹی اینڈ ریسورسز ایکشن پلان کو مرتب کیا جائے۔