خیبرپختونخوا میں ضم شدہ قبائلی اضلاع میں کورونا اور ڈینگی کے لیے طبی یونٹس قائم

Published On 23 January,2022 08:41 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ضم شدہ قبائلی اضلاع میں کورونا اور ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں کے لیے طبی یونٹس قائم کردیئے گئے۔

خیبر پختونخوا میں متعدی بیماریوں کی روک تھام اور تدارک کےلیے اقدامات کا آغاز کردیا گیا،مراکز صحت میں یونٹس بھی قائم کردیئے گئے۔ متعدی بیماریوں کی روک تھام کے پروگرام کے تحت ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سرویلنس کا کام شروع کردیا گیا ہے، کورونا اورڈینگی سمیت دیگر متعدی بیماریوں سے بچائو کیلئے خصوصی تربیتی کورسز کا آغاز ہوگیا ہے، محکمہ صحت حکام کے مطابق قبائلی خیبر میں فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹروں اور محکمہ صحت کے دیگر عملے کو تربیت دی جارہی ہے۔

تربیت کے پہلے مرحلے میں قبائلی ضلع خیبر کے 40 سے زائد مراکز صحت کے اہلکاروں کو تربیت دی گئی، اہلکاروں کو کورونا، ڈینگی، ہیپا ٹائٹس، ایڈز، ٹی بی ملیریا، لشمینا سمیت 33 متعدی بیماریوں سے متعلق آگاہی دی گئی ہے۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق تربیت سے جان لیوا اور متعدی بیماریوں کی رپورٹنگ اور بروقت سدباب سمیت قبائلی اضلاع میں کام کرنے والے صحت کے عملے کی استعداد کار کو بڑھانا بھی مقاصد میں شامل ہے۔ 

Advertisement