خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری

Published On 09 February,2022 08:50 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، پشاورکے ہسپتالوں میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے لگا، شہری کہتے ہیں حکومت بڑھتے کیسز کی روک تھام کےلیے اقدامات اٹھائے۔

کورونا وائرس کی نئی لہر کے باعث خیبر پختونخوا میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھنے لگی، پشاور میں تین بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے لگا۔ پشاورکے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ 51 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 10 مریض انتہائی نگہداشت اور وینٹی لیٹرز پر ہیں، ہسپتال میں کم مقدار آکسیجن پر 20 مریض زیر علاج ہیں، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا وائرس کے 56 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 10 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، اسی طرح لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 70 سے زائد مریض داخل ہیں۔

شہریوں میں بھیی مثبت کیسز کی بڑھتی تعداد کے باعث تشویش پائی جارہی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ وائرس کی نئی لہر میں بڑھتے ہوئے کیسز کی روک تھام کےلیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

خیبر پختونخوا میں گزشتہ دنوں 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 900 سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں۔
 

Advertisement