فیصل آباد: ضلعی انتظامیہ کے ناکافی اقدامات کے سبب لمپی سکن اور کانگو کیسز میں اضافہ

Published On 30 June,2022 10:19 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں لائیو سٹاک اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے ناکافی انتظامات کے باعث لمپی سکن اور کانگو وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے۔

عید قربان کی مناسبت سے لگائی گئی مویشی منڈیوں میں دیگر اضلاع سے بیوپاری اپنے مویشیوں کو لیکر فیصل آباد کا رُخ کر رہے ہیں، ان مویشیوں کو لمپی سکن اور کانگو وائرس سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ کیلئے سپرے کرنے اور دیگر ویکسی نیشن کی فراہمی کیلئے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر لائیو سٹاک کیمپ تو لگائے گئے ہیں لیکن ان کیمپس پر تعینات عملے کی غفلت کے باعث مویشیوں کو بغیر سپرے اور بغیر چیکنگ کے ہی منڈیوں میں منتقل کیا جانے لگا ہے۔

تاحال ڈویژن بھر میں لمپی سکن کے 718 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، اس کے باوجود انتظامیہ کی خاموشی باعث فکر ہے۔
لمپی سکن وائرس کے پھیلاؤ کا اعتراف کرتے ہوئے ڈائریکٹر لائیو سٹاک کہتے ہیں کہ وائرس کو کنٹرول کرنے اور اس حوالے سے بہتر سروسز کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ منڈیوں کے داخلی راستوں پر مناسب چیکنگ نہ ہونے کی وجہ سے اگر ایک بھی متاثرہ جانور منڈی میں داخل ہوگیا تو بڑے نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
 

Advertisement