اسلام آباد: (ویب ڈیسک) لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ماہرین نے کہا ہے کہ لمپی سکن کی بیماری انسانوں میں منتقل نہیں ہوتی، لمپی سکن سے متاثرہ مویشیوں کا گوشت اور دودھ قابل استعمال ہے۔
ان خیالات کا اظہار لائیو سٹاک ماہرین نے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر نوید سحر کی ہدایت پر یونین کونسل چک جلال دین میں لمپی سکن کے حوالے سے فارمرز ڈے کے انعقاد پر کیا۔
فارمرز ڈے میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی کے بھائی وجاہت قیوم عباسی، چیرمین راجہ اظہر سمیت ڈیری فارمر حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر نمرہ اور ویٹرنری اسسٹنٹ راجہ محسن علی نے فارمرز کو آگاہ کیا کہ لمپی سکن ڈیزیز کے بارے میں افواہوں پر کان نہ دھریں کیونکہ لمپی سکن سے انسانوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک راولپنڈی لمپی سکن کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور اس ضمن میں مویشی پال حضرات کو آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ لمپی سکن سے متاثرہ جانوروں کے علاج معالجہ کے بارے میں بھی ٹھوس اقدامات جاری ہیں۔