لاہور: (لیاقت انصاری سے) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے امراض دل سے بچاؤ اور علاج کے لئے احسن اقدام اٹھا لیا، عوام کو امراض قلب سے پیشگی آگاہی کے لئے ہسپتالوں میں پری وینٹو کارڈیالوجی کا شعبہ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اجلاس ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہوا، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شعبہ پری وینٹو کارڈیالوجی میں امراض قلب کا پیشگی ٹریٹمنٹ، سکریننگ اور مینجمنٹ کی جائے گی۔ اس شعبے کے قیام سے کا رڈیالوجی میں امراض دل کی وجوہات کے پیشگی تعین سے بچاؤ ممکن ہوگا۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیاجائے گا۔ اس شعبے کا دائرہ کار بتدریج تمام انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی تک وسیع کیاجائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دل کے امراض کی پیشگی تشخیص اورتدار ک کے ساتھ سرکاری وسائل کی بچت ہوگی۔ ترقی یافتہ ممالک میں شعبہ پیشگی تشخیص کارڈیالوجی عوام کی صحت کے لئے قابل قدر خدمات سرانجام دیتے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کاکہناتھا کہ امراض قلب کی پیشگی تشخیص سے سرکاری ہسپتالوں پرمریضوں کا دباؤ کم ہوگا۔
ڈاکٹر عذرا محمودریسرچ ڈائریکٹر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے کہاکہ جدید طبی سائنس میں جنیاتی بنیادوں پر دل کی بیماری کی پیشگی نشاندہی ممکن ہے۔والدین کو ہارٹ اٹیک کے بعد اولاد کے لئے بھی احتیاطی تدابیراختیار کرنا ضروری ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر بلال محی الدین،ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی سی کا کہناتھاکہ بلڈ پریشر، شوگر،سگریٹ نوشی اور غیر معیاری غذا امراض قلب کا سبب بن سکتی ہے۔ابتدائی مرحلے میں امراض قلب سے بچاؤ اور دوسرے مرحلے میں دوبارہ ہارٹ اٹیک سے بچاؤ کی مینجمنٹ کی جائے گی۔