وزیراعلیٰ سے چیئرمین میاں عامر محمود کی قیادت میں پی بی اے وفد کی ملاقات

Published On 16 September,2022 03:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عامر محمود، وائس چیئرمین میر ابراہیم رحمن، سیکرٹری جنرل شکیل مسعود اور ممبر بورڈ طاہر خان شامل تھے۔

ملاقات میں براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ایسوسی ایشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی، اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات اور ڈی جی پی آر بھی موجود تھے۔

وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آزادی صحافت کے لئے آواز بلند کی ہے، میں سیاست میں رواداری اور احترام کے اصولوں پر کاربند رہتا ہوں، قومی ادارے ہمارا وقار ہیں، قومی اداروں کو متنازع نہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا مزید کہا کہ اداروں کا احترام سب پر لازم ہے، پاکستان جن چینلجز سے گزر رہا ہے ان کا حل اتفاق اور اتحاد میں ہے، پوری کوشش ہے کہ صوبے کے عوام کے مسائل حل کروں اور انہیں ریلیف دیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کی میڈیا انڈسٹری نے تیز رفتاری سے ترقی کی ہے۔موجودہ حالات میں میڈیا کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
 

Advertisement