لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کو مفت سولر پمپ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کو مانگنے کا طریقہ آتا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو فنڈز کے درست استعمال کی یقینی دہانی کیوں کروا رہے تھے؟۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے لاہور پریس کلب کے عہدیداروں اور ارکان کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صحافی ہاؤسنگ سوسائٹی میں قبضہ مافیا کے سدباب کے لئے پٹرولنگ پوسٹ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت میں سُکھ ہی سُکھ ہیں، دکھ کوئی نہیں ہوگا، ہر روز سوچتا ہوں کہ آج مخلوق خدا کی خدمت کے لئے کونسا اچھا کام کروں، عوام کی بھلائی کے کاموں میں پنجاب حکومت سب سے آگے ہوگی، سیلاب متاثرین کیلئے فنڈ اور اس کے استعمال کے طریقہ کار میں شفافیت یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بازو سے پکڑ کر بار بار فنڈز کے صحیح استعمال کا یقین کیوں دلا رہے تھے، شہباز شریف کو مانگنے کا طریقہ آتا ہے، جس احسن طریقے سے مانگ سکتے ہیں اس طرح کوئی اور نہیں کرسکتا، وزیراعظم اور مفتاح اسماعیل سے کیا توقع ہوسکتی ہے، ہم سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کو سولر ٹیوب ویل دے رہے ہیں، پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین طاہر جاوید بھی میرے کہنے پر سیلاب متاثرین کو سولر پمپس کی فراہمی میں معاونت کریں گے، سیلاب کے دوران جاں بحق ا فراد کے لواحقین کو امداد بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی ہے، سیلاب میں پختہ گھر تباہ ہونے پر 4 لاکھ اور کچا گھر گرنے پر 2 لاکھ روپے مالی امداد دیں گے، سیلاب میں بہہ جانے والے جانوروں کے مالکان کو 75 ہزار روپے دیں گے، سیلاب زدگان کے لئے ٹیلی تھون میں اڑھائی ارب روپے سے زائد جمع کئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ امدادی پیکیج کے لئے شفافیت یقینی بنائیں گے، آڈٹ بھی ہوگا، گھپلے کرنے والوں کو سزا ملے گی، سیلاب میں بے گھر افراد کو خوراک میں 40 فیصد سبسڈی دیں گے، فلڈ میں صحافیوں نے مسائل سامنے لانے میں قابل قدر کردار ادا کیا، صحافی بھائیوں کا کام مشکل ہے، ان کے مسائل حل ہونے چاہئیں، لاہو رپریس کلب کے ارکان کے لئے مفت آپریشن کی سہولت فراہم کریں گے، پریس کلب کے عہدیداروں کے اشتراک سے فوری علاج شروع ہوگا، اخراجات حکومت ادا کرے گی، جگہ موجود ہوئی تو پریس کلب کے B بلاک کے الاٹیز کو متبادل جگہ دی جائے گی، پریس کلب کے لئے 2 کروڑ کی گرانٹ کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا، لاہور پریس کلب کے ارکان کی لائف انشورنس کا پریمیم ادا کرنے کے لئے بھی معاونت کی جائے گی، فیصل آباد میں بھی صحافیوں کے لئے ہاؤسنگ سوسائٹی قائم کی جائے گی، دیگر شہروں میں بھی صحافیوں کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ بڑے شہرو ں میں پریس کلب کی عمارتیں بھی بنائیں گے، صحافیوں، کیمرہ مینوں، فوٹو گرافروں، ساؤنڈ لائٹ والوں کی فلاح و بہبود کے کام کرنا چاہتے ہیں، آئی جی کو پیغام دے دیا ہے کہ جرنلسٹ کالونی کے پلاٹوں پر قبضہ برداشت نہیں، جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں سیوریج سسٹم بہتر کرنے کے لئے معاونت کریں گے، ریسکیو 1122کو بہترین کر دیا ہے، ایمرجنسی میں ادویات بھی دیں گے، ایف بلاک کے الاٹیز کو قبضہ دینے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے انتقال کرنے والے صحافیوں کے ا ہل خانہ کو ایف بلاک کے لیٹر دئیے، لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری کو ڈیڑھ کروڑ روپے کا چیک بھی دیا، فوٹو جرنلسٹ ایسوی ایشن کی سالانہ گرانٹ بڑھا کر 10لاکھ روپے کرنے کا اعلان بھی کیا۔
پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی جلد بحالی کیلئے کوشاں ہے
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی جلد بحالی کیلئے کوشاں ہے،مخیر حضرات وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں رقوم جمع کرا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری محمد افضل ساہی نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی جلد بحالی کیلئے کوشاں ہے،مخیر حضرات وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں رقوم جمع کرا رہے ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں حصہ لینے والے مخیر حضرات کے جذبے کی قدر کرتے ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام اور طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے میڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں۔