اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے سڑکوں کی بحالی کے لیے جلد از جلد خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےسیلاب زدہ علاقوں میں نظام زندگی کی بحالی کے لئے نظام مواصلات، بجلی کی ترسیل اور دیگر امدادی کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کرنے اور سیلاب زدہ علاقوں میں اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صوبوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لئےجامع حکمت عملی وضع کرنے کا بھی کہا، اجلاس میں وفاقی وزراء، چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیئرمین این ایف آر سی سی نے شرکت کی۔
وزیرِ اعظم کی دادو میں گرڈ اسٹیشن کو سیلابی ریلے سے بچانے کی ہدایات
ادھر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دادو میں گرڈ اسٹیشن کو سیلابی ریلے سے بچانے کی فوری ہدایات جاری کر دی۔
شہباز شریف نے دادو و گردو نواح کے علاقوں میں سیلابی صورتحال، 500KV گرڈ اسٹیشن کو خطرے کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سول و فوجی قیادت کو تمام تر وسائل بروئے کار لا کر گرڈ اسٹیشن کو سیلاب سے بچانے کی ہدایت جاری کی۔
وزیرِ اعظم کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے مورو شہر سے تین ایکسکویٹر روانہ کردیئے گئے، شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کے بچاؤ و بحالی کے کام کی 24 گھنٹے خود نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرڈ اسٹیشن کو فوری طور پر سیلاب سے متاثر ہونے سے بچایا جائے، گرڈ اسٹیشن کا بچاؤ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے نہایت ضروری ہے۔
وزیراعظم آئندہ ہفتے ازبکستان روانہ، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرینگے
وزیراعظم شہباز شریف 15 اور 16 ستمبر کو ازبکستان جائیں گے، ازبکستان کے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 15 اور 16 ستمبر کو ازبکستان جائیں گے، دورہ کے دوران وزیراعظم ازبکستان کے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کریں گے، وزیراعظم کی 16 ستمبر کی شام کو وطن واپسی ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا 18 ستمبر کو لندن جانے کا امکان ہے، شہباز شریف کی لندن میں ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت بھی متوقع ہے، وزیراعظم لندن سے 19ستمبر کی شام نیویارک پہنچیں گے۔
شہباز شریف دورہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، وزیراعظم کا خطاب 23 تاریخ کو ہوگا وزیراعظم 23 ستمبر کی شام اقوام متحدہ سے خطاب کے بعد وطن واپس روانہ ہوجائیں گے۔