اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے مل بیٹھ کر سیاسی مسائل حل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ایک بار پھر سیاسی میدان میں متحرک ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ سیاسی تناؤ اور تقسیم سے ملک کا نقصان ہورہا ہے، گفت و شنید سے مسائل کا حل کیا جانا چاہیے۔
اسلام آباد میں سیلاب زدگان کے لئے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا تھا فی الحال سیلاب کی صورتحال ہے دسمبر کے بعد سیاست کے بارے میں سوچوں گا، ابھی ساری توجہ سیلاب زدہ بھائیوں کی مدد پر ہے۔
سابق گورنر کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کو ختم ہونا چاہے، سیاسی تناؤ اور تقسیم سے ملک کا نقصان ہورہا ہے، ملک کو آگے لیکر جانے کے لئے پولرائزیشن کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، آپس میں گفت و شنید نہ ہونے سے قوم کو نقصان ہورہا ہے، ہم سب پاکستانی ہیں بھائی ہیں، آئیے مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام جسکو چاہیں ووٹ دیں اور اسی کی حکومت بنے، فوری الیکشن پر کچھ نہیں کہہ سکتا آخر الیکشن ہونے ہیں جو ہونے چاہئیں۔
امدادی سامان سے متعلق چوہدری سرور نے کہا کہ سیاستدان اور حکومتوں سے اپیل ہے کہ ایسے موقعے پر سیاست نہ کریں، غریب اور مستحق افراد کی مدد کریں، اس پیسے کا مکمل احتساب ہونا چاہے تاکہ پیسہ غریب آدمی تک پہنچے، موقع پرست افراد سڑکوں کنارے ٹینٹ لگا کر بیٹھ جاتے ہیں اور امداد اکٹھا کرتے ہیں جو مناسب نہیں، خدارا اپنے اداروں کو مضبوط کریں اور دیکھ کر امداد دیں، اس موق پر انہوں نے 2 ہزار راشن پیک کوئٹہ روانہ کئے۔