اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 'کال' کے بیان کو گیدڑ بھبھکی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب سیلاب کی وجہ سے لوگ پہلے سے ہی سڑکوں پر ہیں، آپ اندھے اور بہرے ہو چکے ہیں، الیکشن زبردستی، رونے، چیخنے اور پیٹنے سے نہیں ہوگا، 2023ء میں ہوگا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ عمران خان کے کان نہیں کھلے، عمران خان کان کھول کر سن لیں الیکشن 2023ء میں ہوں گے، سیلاب میں ڈوبے ہوئے ملک کی حالت دیکھیں جبکہ عمران خان اپنی زہریلی انا میں ڈوبے ہوئے ہیں، عمران صاحب لاڈلہ بن کر زور زبر دستی کی آپ کو عادت ہو گئی ہے، عادت بدل لیں، وقت بدل چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا، پھر آپ چیخیں گے، روئیں گے اور پیٹیں گے، مسئلہ صرف یہ ہے کہ عمران خان کا اصل چہرا عوام کے سامنے آ چکا ہے، مسئلہ صرف یہ ہے کہ عمران خان اور اہل وعیال کی لوٹ مار اور ڈاکے کی پوری حقیقت قانون کے سامنے آ چکی ہے، عوام کو عمران خان کے فارن ایجنٹ ہونے اور خیرات کے پیسے ذاتی خرچ کے لئے استعمال کرنے والے کا پتہ چل چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران صاحب عوام سیلاب زندگان کی مدد کی کال پر ایک ہو چکی ہے، آپ کی فتنہ، فساد اور انتشار کی کال پر نہیں آئے گی، عمران خان کا وطیرہ ہے کہ کبھی بھی کال دوں گا اور پھر بھاگ جائوں گا، سیلاب زدگان کی مدد کو نہیں جاؤں گا، اقتدار کے لئے شر، فتنہ اور فساد پھیلاؤں گا، پاکستان کے مفادات، عوام کی زندگی اور ہر ادارے کو اپنی زہریلی انا کی بھینٹ چڑھا دوں گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک چلانے والا امریکہ میں سی آئی اے کے سابق چیف کے ذریعے اپنے حق میں تحریک چلوا رہا ہے، اربوں روپے فتنہ اور انتشار پر خرچ کرنے والوں کی باتیں ایسی ہی ہوتی ہیں، شہدا کے خلاف گھٹیا مہم چلانے والوں کو عوام مسترد کر چکے ہیں، الیکشن کمیشن کی تضحیک، عدالتوں کو دھمکی لگانے والے کی کال پر عوام نہیں آتی، شہدا کے خلاف مہم چلانے، ملک کو سری لنکا بنانے کی سازش کرنے والے کی کال عوام نہیں سنتی، عمران خان سیلاب زدگان پر چار آنے لگانے کو تیار نہیں جبکہ ذاتی تشہیر کے لئے جلسوں پر کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معیشت تباہ کرنے والا عمران خان نہیں چاہتا کہ سیلاب زدگان اپنے گھروں میں بحال ہوں۔