کراچی (دنیا نیوز) یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کا دورہ مکمل کرکے واپس چلے گئے، سیلاب سے تباہی کا ذمہ دار جی ٹوئنٹی ممالک کو قرار دیا اور عالمی برادری سے پاکستان کی مدد کی اپیل کی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کی روانگی سے قبل ٹرمینل پر ملاقات کی، وزیر اعلیٰ سندھ نے یو این کے سیکرٹری جنرل کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور متاثرین سے ملاقات کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انتونیو گوتریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی عالمی برادری کو پاکستان کے سیلاب متاثرہ افراد کی مدد کے لیے اپیل قابل ستائش ہے، اس موقع پرمراد علی شاہ نے یو این سیکرٹری جنرل کو سندھ کے روایتی تحائف اجرک اورسندھی ٹوپی دے کر ٹرمینل ون سے رخصت کیا۔
اس سے قبل انتونیو گوتریس نے وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، ساتھ ہی سیلاب متاثرین کے کیمپس کا دورہ کیا، دورے کے دوران انہوں نے پاکستان میں سیلاب سے تباہی کا ذمہ دار جی ٹوئنٹی ممالک کو قراردیتے ہوئے کہا کہ 80 فیصد کاربن کا اخراج یہی جی ٹونٹی ممالک کرتے ہیں۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ سوال پاکستان کیلئے امداد کا نہیں، پاکستان کے ساتھ انصاف کا ہے۔عالمی حدت میں پاکستان کا حصہ صرف ایک فیصد ہے لیکن خمیازہ پاکستان بھگت رہا ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں دیکھی تباہی الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی، ترقی یافتہ ملک پاکستان کو تباہی سے نکالنے میں مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ تباہی سے نمٹنے کی پاکستان میں سکت نہیں اور نہ ہی پاکستان اکیلے یہ کرسکتا ہے، اقوام متحدہ پاکستان کی آواز کے ساتھ آواز ملائے گا، بحالی کے آپریشن میں کافی فنڈز کی ضرورت ہوگی، ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس کے بعد بحالی کا آپریشن ہوگا۔
انتونیو گوتریس کا دورہ پاکستان سیلاب متاثرین کی آواز بن کر ابھرا: وزیراعظم
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی سیلاب متاثرین کی بےمثال معاونت پر مشکور ہیں، پاکستان کواس چیلنج سےنمٹنےکیلئےعالمی برادری کی مددکی ضرورت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی سے دلی طور پر رنجیدہ ہیں، انتونیو گوتریس سیلاب متاثرین کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ انتونیو گوتریس کا دورہ سیلاب سے جنم لینے والے انسانی المیے سے متعلق آگاہی کے لیے اہم ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ہمدردانہ اور قائدانہ کردار نے بے حد متاثر کیا جبکہ پاکستان کو اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔
شدید گرمی میں سیلاب متاثرہ علاقوں اور امدادی کیپمس کے دورے کے دوران UN سیکرٹری جنرل پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو دیکھ کر شدید حیران و پریشان رہ گئے. وہ سیلاب متاثرین کے دُکھوں کی آواز بن گئے ہیں. دنیا کو انکی موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے حوالے سے گفتگو پر توجہ دینی چاہیئے pic.twitter.com/BW5osCBQ1N
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 11, 2022