لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کی سیاست صرف نمود و نمائش تک محدود ہے، ن لیگ نے عوامی منصوبے روک کر پنجاب کے عوام سے زیادتی کی، پہلے بھی عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا اب بھی کریں گے، پسماندہ اور نظر انداز علاقوں کو مساوی ترقی دی جائے گی۔
پنجاب سے ارکان اسمبلی اورٹکٹ ہولڈرز نے چودھری پرویز الٰہی سے ملاقاتیں کی جس میں سیاسی صورتحال اور حلقوں کے مسائل پر گفتگو کی گئی، ارکان اسمبلی نے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ نے تلہ گنگ کے ہسپتال کو اپ گریڈ اور بستروں کی تعداد 100 تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تلہ گنگ سمیت پنجاب کے دور دراز علاقوں میں ترقی نظرآئے گی، پسماندہ اور نظر انداز کردہ علاقوں کو مساوی ترقی دی جائے گی، ترقیاتی منصوبے ارکان اسمبلی کی مشاورت سے تشکیل دئیے جائیں گے، مسلم لیگ ن کی حکومت نے پنجاب میں میرے دور کے فلاحی منصوبوں کو سیاسی انا کی بھینٹ چڑھایا، ن لیگ نے میرے عوامی منصوبے روک کر پنجاب کے عوام سے زیادتی کی۔
وزیراعلیٰ سے طاہر اشرفی کی ملاقات، سیرت اکیڈمی کی بحالی، ایم فل کلاسز کے اجرا کا اعلان
اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا کہ سیرت اکیڈمی کی بحالی اور ایم فل کلاسز کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف دور میں سیرت اکیڈمی کو تالا لگاکر غیر فعال کرنا افسوسنا ک ہی نہیں قابل مذمت بھی ہے، یہ قوم کے منصوبے ہیں، جنہیں روک کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، مخالفین کی سوچ صرف ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے، ہم نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیرت اکیڈمی کو بحال اور متحدہ علما بورڈ کو فعال کیا جائے گا، سیرت اکیڈمی میں ایم فل کی کلاسیں شروع کی جائیں گی، مدینہ یونیورسٹی، جامعہ الازہر اور عالم اسلام کی دیگر نمایاں جامعات کے اشتراک سے ایم فل کی کلاسیں ہوں گی، متحدہ علما بورڈ کو فعال کرکے دین کی خدمت کا کام لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیرت اکیڈمی کو دین کے حوالے سے ہونے والے فیصلوں کا مرکز بنایا جائے گا، سیرت اکیڈمی میں دینی نصاب کے حوالے سے تحقیقی کام بھی کیاجائے گا، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی، سیلاب میں متاثرہ مساجد اور مدارس کی بحالی کا کام بھی کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادی کاری کیلئے قومی اتفاق پیدا کرنے کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں گے، عرب ممالک اور انکے اداروں کو پنجاب میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں میں سہولت دینگے، سیلاب زدگان کی مدد کے لئے شفاف طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل مولانا طاہر اشرفی نے سیلاب متاثرین کیلئے وزیر اعلی پرویز الٰہی کی کاوشوں کی تعریف کی۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ دین کی خدمت کے لئے چودھری پرویزالٰہی کی خدمات کو ہمیشہ یادر رکھا جائیگا، متحدہ علماء بورڈ ایکٹ لانے کے حکومتی فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔
ایم پی اے حافظ عمار یاسر، راسخ الٰہی، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی جی ایم سکندر، سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔