مہلک مچھر کے وار برقرار، ملک بھر میں ڈینگی کیسز بڑھنے لگے

Published On 05 October,2022 01:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز)ملک میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، گوجرانوالہ میں مہلک مچھر کا شکار ایک مریض جاں بحق ہوگیا جس کے بعد پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے، خیبرپختونخوا میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 385 مریض سامنے آگئے جبکہ سندھ میں 336 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 335 نئے مریض سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 7775 ہوگئی ہے، محکمہ صحت کے مطابق گوجرانوالہ میں ایک مریض جان کی بازی ہارگیا۔

ایک دن میں خیبرپختونخوا میں 385 مریض سامنے آئے اور صوبےمیں مریضوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار921 ہوگئی، کے پی میں اب تک آٹھ افرادجاں بحق ہوچکے ہیں۔

سندھ میں 336 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار 142ہوگئی ہے، سندھ میں ڈینگی سے اب تک 38 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، کراچی میں چوبیس گھنٹے کے دوران264افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
 

Advertisement