نیودہلی : (دنیا نیوز) بھارتی ریاست کرناٹک کی پانچ سالہ بچی میں مچھروں کے کاٹنے کے باعث زیکا وائرس کی تصدیق ہوگئی، اس سے قبل بھارت کی مختلف ریاستوں کیرالہ، مہاراشٹرا میں بھی زیکا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلع رائچور میں زیکا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے، اس حوالے سے وزیر صحت سدھاکر کا کہنا ہے کہ تشویش کی کوئی بات نہیں ہے، حکومت تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور جلد ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔
وزیرصحت کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ پونے کی ایک لیبارٹری رپورٹ کے مطابق ایک پانچ سالہ بچی میں زیکا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ جانچ کے لیے بھیجے گئے دیگر 2 کیس منفی تھے، مذکورہ بچی کی ٹریول ہسٹری نہیں تھی۔
وزیر صحت نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ چند ماہ قبل کیرالہ، مہاراشٹرا اور اتر پردیش میں زیکا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے، حکومت نے احتیاطی تدابیر اختیار کر تے ہوئے رائچور اور اس سے ملحقہ علاقوں کے ہسپتالوں میں ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ کیس کی صورت میں خون کے نمونے فوری زیکا وائرس کی تشخیص کے لیے پونے بھیجے جائیں۔
واضح رہے کہ زیکا وائرس متاثرہ ایڈیس مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے، جو ڈینگی اور چکن گونیا جیسے انفیکشن کو منتقل کرنے کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ اس وائرس کی شناخت پہلی بار 1947 میں یوگنڈا میں ہوئی تھی۔