لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے جعلی دودھ تیار کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 ہزار 80 کلو ایکسپائر ملک پاؤڈر برآمد کر لیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جھنگ کے علاقے کچا کوٹ، تصویر محل اور جینوٹ روڈ پر واقع دودھ کی دکانوں پر چھاپے مارے جہاں سے 5 ہزار 80 کلو ایکسپائر ملک پاؤڈر بر آمد کیا گیا، برآمد شدہ ایکسپائر پاؤڈر میں کیمیکلز اور پانی ڈال کر جعلی دودھ تیار کیا جا رہا تھا۔ فوڈ اتھارٹی نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔
فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک کے مطابق چھپ کر جعلی دودھ تیار کرنے کے لیے زائد المیعاد پاؤڈر گھر کے بیڈ روم میں رکھے پایا گیا۔ ناجائز اور زیادہ منافع کمانے کےلالچ میں جعل ساز مافیا جعلی دودھ سپلائی کرنے کا مکروہ دھندہ کرتا ہے۔ جعلی دودھ کا استعمال انسانی صحت کے انتہائی مضر اور متعدد بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جعلی دودھ تیار کرنے والے سپلائرز کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ قوانین کے مطابق مضر صحت اجزاء سے جعلی دودھ تیار کرنا سنگین جرم ہے۔ عوام تک معیاری اور خالص دودھ پہنچانے کے لیے چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔