لندن: (دنیا نیوز) پنجاب میں تبدیلی کی تیاریاں، ق لیگ کے چھ ارکان بغاوت پررضا مند، چودھری سالک حسین نے چودھری شجاعت کا پیغام نوازشریف تک پہنچا دیا۔
چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے اور وفاقی وزیر چودھری سالک حسین مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے ملاقات کیلئے لندن پہنچے۔ حسن نواز نے دفتر پہنچنے پرانکا استقبال کیا، ملاقات میں اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان اورملک کی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف سے پرانی اور آج کل جو کچھ چل رہا ہے اس پر بات ہوئی۔ والد صاحب نے کہا تھا کہ نواز شریف کو سلام پہنچاؤ اور خیریت بھی دریافت کرو۔
چودھری سالک حسین نے کہا کہ نواز شریف نے واپسی کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی، لگتا نہیں ہے ابھی اسمبلیاں توڑنے کا ارادہ ہے، آئندہ الیکشن میں پارٹی کی قیادت چودھری شجاعت حسین ہی کریں گے۔
سالک حسین نے مزید کہا کہ مونس الہیٰ نے حکومت میں جانے سے پہلے چودھری شجاعت کو اعتماد میں نہیں لیا تھا، مونس الہیٰ جب چاہیں رابطہ کرسکتے ہیں، مجھے تو کوئی مسلۂ نہیں ہے۔
مزید گفتگو کرتے ہوئے چودھری سالک حسین کا کہنا تھا کہ سیٹ اپ تبدیل ہو نہ ہو، لوگوں کی نیت تبدیل ہورہی ہے، ہرکسی کوپتا ہےکیا معاملات چل رہے ہیں، حکومت نے جاتے وقت سی پیک اتھارٹی ختم کردی تھی۔