لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا صحافیوں کے لئے بڑا تحفہ، لاہور میں صحافی کالونی فیز II کے لئے 700 کنال اراضی مختص کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ فیز ٹو کیلئے اراضی روڈا ایریامیں فراہم کی جائے گی، فیز ٹو سے صحافیوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا ہوگا۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ لاہور پریس کلب کے ملازمین کو بھی 5،5 مرلے کے پلاٹس دئیے جائیں گے، پریس کلب کی ممبر شپ نہ رکھنے والے بیمار اور معذور صحافیوں کو بھی فیز IIمیں پلاٹس دیں گے، وفات پا جانے والے صحافیوں کی فیملیز کو بھی فیزII میں چھت فراہم کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بی بلاک کے متاثرین کا مسئلہ جلد ازجلد حل کروا کر متاثرین کو ان کا حق لوٹائیں گے، صحافی کالونی ہربنس پورہ میں قبضہ مافیا کے لئے بلا امتیاز کارروائی کے لئے پولیس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں 500 کنال اراضی پر صحافی کالونی فیزII کا اعلان کیا تھا تاہم اراضی کم ہونے کے باعث اب فیز II کے لئے روڈا ایریا میں اراضی فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔
آئین پاکستان کے تحت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، پرویز الٰہی
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب و سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ ق چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اسلام نے بنیادی انسانی حقوق کا مکمل مجموعہ دیا ہے، آئین پاکستان کے تحت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔
انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا دن ہمیں ناانصافی یا زیادتی کو روکنے کے عزم کا درس دیتا ہے، دہشت گردی، جبر اور قتل و غارت سے انسانی حقوق کی پامالی کے بڑے عوامل ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عدم مساوات پیدا کرنے والے غیر منصفانہ معاشی ڈھانچے سے انسانی حقوق متاثر ہوتے ہیں، کسی کو انسانی حقوق سے محروم کرنا انسانیت کی توہین ہے، امن وہیں قائم رہ سکتا ہے جہاں انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا تحفظ کسی بھی ملک کی سماجی، معاشرتی اور اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔