پرویز الٰہی کا مصور عمر جرال کے فن پاروں کی نمائش کرانے کا اعلان

Published On 06 December,2022 10:01 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سپیشل مصور عمر جرال کے فن پاروں کی نمائش کرانے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے اسپیشل مصور عمر جرال نے ملاقات کی جس میں عمر جرال نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہٰی کو اپنے ہاتھ سے بنائی ہوئی پوسٹر پینٹنگ پیش کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے عمرجرال کے ساتھ اظہار شفقت کیا اور اسپیشل مصور عمر جرال کے فن پاروں کی نمائش کرانے کا اعلان بھی کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمر جرال ہمارے لئے بہت خاص ہیں، ملکر خوشی ہوئی، عمر جرال کا فن اور ان کا جذبہ قابل تحسین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کو عمر جرال جیسے اسپیشل لوگوں کی قدر کرنی چاہیے، حکومت پنجاب اسپیشل لوگوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کی راہ پر گامزن ہے۔