آئی ٹی کے فروغ کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں : وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 04 December,2022 11:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے انگلینڈ سے آنے والے پاکستانی نژاد وفد نے ملاقات کی ، وفد میں سابق پولو پلیرز، کوچ اور آئی ٹی ماہرین شامل تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات سمیت پنجاب میں پولو کھیل کے فروغ اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی دور حاضر میں تیز ترین ترقی کا پائیدار راستہ ہے، پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں، پنجاب ایپ کے ذریعے عوام گھر بیٹھے 30سرکاری سروسز حاصل کرسکتے ہیں۔

وزیراعلٰی پنجاب نے مزید کہا کہ پولو ایک عمدہ کھیل ہے ، پنجاب میں پولو کے نوجوان کھلاڑیوں کوہرممکن سہولیات دی جائینگی، کریم اور کیپ ٹرکنگ کے بعد ٹرانسپورٹ اور رائیڈ کےمزید پراجیکٹ متعارف کروائیں گے۔

سندھ کی ثقافت دلکش روایات کی امین ہے: چودھری پرویز الٰہی
قبل ازیں وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سندھ کے ثقافتی دن پر اہل سندھ کو مبارکباد پیش کی ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ سندھ کا ثقافتی دن یعنی  ایکتا جو دھارو  مقبول عام ثقافتی تہوار ہے، سندھی ثقافت مہمان نوازی، رواداری او رمحبت کے جذبوں سے مالا مال ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت دلکش روایات کی امین ہے، یونیسکو کی فہرست میں شامل موہنجوداڑو اور مکلی کی ثقافت دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہے۔

وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اجرک کے رنگوں کی طرح سندھ کی ثقافت بھی دلکش امتزاج کی حامل ہے اور سچل سرمست، عبداللہ شاہ غازی اور لعل شہباز قلندر جیسے عظیم صوفیا کرام کی محبتوں سے مالا مال ہے۔

انہوں نے کہا کہ اخوت اور رواداری پر مبنی سندھی ثقافت کا حسن سب سے جدا ہے۔
 

 

 

Advertisement