یہ پہلی اپوزیشن ہے جو حکومت کو کہہ رہی اسمبلیاں تحلیل نہ کریں: اسلم اقبال

Published On 01 December,2022 05:45 pm

لاہور: ( دنیا نیوز ) پنجاب کے سینئر وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے، ظالمانہ اور جابرانہ نظام کا مزید حصہ نہیں رہ سکتے، یہ پہلی اپوزیشن ہے جو حکومت کو کہہ رہی ہے کہ اسمبلیاں تحلیل نہ کریں، سیاسی مخالفین صرف نعرے نہ لگائیں بلکہ 18ویں ترمیم پر عمل کریں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جب بھی اسمبلی میں پہنچیں ہیں علاقے کے لوگوں کی ضروریات پر کام کیا، آج ہم دو 3 گراؤنڈز کا افتتاح کریں گے، یہ پہلی اپوزیشن ہے جو گورنمنٹ کو کہہ رہی ہے اسمبلیاں تحلیل نہ کریں، پی ٹی آئی فیصلہ کر چکی ہے کہ ہم 2 صوبوں میں اسمبلیاں تحلیل کریں گے، ہفتہ کے روز کے پی اسمبلی کے لوگ لاہور آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رائے لینے کے بعد اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ کیا جائے گا، ہمیں پنجاب میں کام نہیں کرنے دیا جا رہا، نہ آئی جی لگانے دیا جارہا ہے، اگر 18ویں ترمیم کے نعرے مار رہے ہیں تو 18ویں ترمیم پر عمل بھی کرلیں، ہم مزید ظالمانہ اور جابرانہ نظام کا حصہ نہیں رہ سکتے۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل نہ کرنے کا اس لئے کہہ رہے ہیں کیونکہ ان کے بڑوں کے کیسز تقریباً 70 فیصد ختم ہوچکے ہیں، باقی 30 فیصد کیسز ختم کرنے کے لئے اسمبلیوں کی مدت بڑھوائی جا رہی ہے۔
 

Advertisement