لاہور: ( دنیا نیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان جب چاہیں گے پنجاب اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مونس الٰہی نے لکھا کہ عمران خان کو ملاقات میں یقین دہانی کروادی ہے کہ وزارت اعلیٰ ان کی امانت ہے، پی ٹی آئی چیئرمین جب چاہیں گے اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔
— Moonis Elahi (@MoonisElahi6) December 1, 2022
قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ پر وزیراعلیٰ پنجاب کی اہم ملاقات ہوئی، پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر اپنی تجاویز عمران خان کے سامنے رکھ دیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ عمران خان کا ہے جس مکمل حمایت کرتے ہیں، اسمبلیاں تحلیل کرنے اور مستعفی ہونے کی صورت میں ملک کو عام انتخابات کی طرف جانا چاہیے۔
پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے سے قبل آئینی آپشنز اور پی ڈی ایم کی متوقع حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک لانے کے لیے مطلوبہ ارکان کی اکثریت موجود نہیں، پی ڈی ایم صرف شور شرابہ کر رہی ہے ان کو ایوان میں شکست فاش دیں گے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے عمران خان کو اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی، ملاقات میں عمران خان اور پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرنے پر مشاورت کی۔
اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ عمران خان اسمبلی کی تحلیل پر چودھری پرویز الٰہی کی غیر مشروط حمایت حاصل کرنے کے بعد کل پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات کریں گے۔
عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے: پرویز الٰہی کی یقین دہانی
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا بھرپور جواب دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور پنجاب اسمبلی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے یقین دلایا کہ وہ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا بھرپور جواب دیں گے، پی ڈی ایم نااہل لوگوں کا ٹولہ ہے، عمران خان نے 13 جماعتوں کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے، مخالفین کی جانب سے عدم اعتماد یا گورنر راج کے شوشے صرف وہ اپنا دل خوش کرنے کیلئے چھوڑتے ہیں۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اپوزیشن میں عدم اعتماد کا حوصلہ ہے نہ ان کے پاس نمبرز پورے ہیں، ملاقات میں دوران گفتگو پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔