لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی ملاقات ہوئی ہے جس میں سیاسی صورتحال پرتفصیلی مشاورت کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور دیگر قانونی امور پر تبادلہ خیال، آئینی صورتحال کے ٹیکنیکل پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن کے غیر آئینی ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ جس کا ساتھ دیتے ہیں اس کا ساتھ نبھاتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں۔ عمران خان قوم کے حقیقی لیڈر ہیں، ان جیسا رہنما مدتوں میں ملتا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن والوں کے نمبر کم ہیں اور باتیں زیادہ کرتے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد اور گورنر راج کی باتیں گیدڑ بھبھکیاں ثابت ہوں گی۔27 کلومیٹر کے وزیراعظم کے پاؤں تلے سے زمین سرک رہی ہے۔
اس موقع پر مونس الٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے۔ پنجاب اسمبلی اوروزارت اعلیٰ عمران خان کی امانت ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں متحد اور متفق ہیں۔ عمران خان لیڈر ہے اور رہے گا۔ اسمبلی اجلاس میں متحدہ علماء بورڈ پنجاب ترمیمی بل،پنجاب ایمپاور منٹ آف پرسنز ود ڈس ایبلٹیز بل پیش کیاجائے گا۔
سپیکر سبطین خان نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی دی یونیورسٹی آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز لاہور بل پر قانون سازی بھی کی جائے گی۔ اس اہم ملاقات میں سیکرٹری اسمبلی عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔