وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی سارہ احمد کو گلوبل کولیبو ریٹو ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد

Published On 05 December,2022 12:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کو اٹلی میں گلوبل کولیبو ریٹو ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے چیئرپرسن سارہ احمد نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سی ایم پنجاب نے سارہ احمد کو اٹلی میں گلوبل کولیبو ریٹو ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے گلوبل کولیبو ریٹو ایوارڈ پیش کیا اور عالمی ایوارڈ کیلئے ٹاپ ٹین افراد میں منتخب ہونے پر مسرت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بے سہارا بچوں کی مدد کا ٹاسک دراصل انسانیت ہمدردی کا بہترین نمونہ ہے، بچوں کو بھیک مانگنے پر مجبور کرنا معاشرتی المیہ ہے، ایسے عناصر کا قلع قمع کریں گے، بھیک مانگنے والے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورومیں لا کر مفید شہری بنانا چاہتے ہیں، شہری بچوں کو بھیک یا خیرات نہ دے کر حوصلہ شکنی کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے مستقبل میں بھی بچوں کی فلاح وبہبود کیلئے ترجیحی بنیادوں پر سہولیات کی فراہمی کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر چیئرپرسن سارہ احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارکردگی بارے آگاہ کیا اور کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی سپورٹ کرنے پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

چودھری پرویز الٰہی نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو مزید فعال اور بہتر بنانے کی ہدایت کی اور چیئرپرسن سارہ احمد اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بچوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
 

Advertisement