لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب و سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ ق چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اسلام نے بنیادی انسانی حقوق کا مکمل مجموعہ دیا ہے، آئین پاکستان کے تحت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔
انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا دن ہمیں ناانصافی یا زیادتی کو روکنے کے عزم کا درس دیتا ہے، دہشت گردی، جبر اور قتل و غارت سے انسانی حقوق کی پامالی کے بڑے عوامل ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عدم مساوات پیدا کرنے والے غیر منصفانہ معاشی ڈھانچے سے انسانی حقوق متاثر ہوتے ہیں، کسی کو انسانی حقوق سے محروم کرنا انسانیت کی توہین ہے، امن وہیں قائم رہ سکتا ہے جہاں انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا تحفظ کسی بھی ملک کی سماجی، معاشرتی اور اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔