پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کی جیلوں میں قیدیوں میں ایڈز اور ہیپاٹائٹس کا انکشاف ہوا ہے ۔
اس حوالے سے سامنے آنیوالے دستاویز کے مطابق جیلوں میں 196 قیدی متعدی بیماریوں میں مبتلا ہیں جبکہ 138 قیدی ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں۔
دستاویزمیں بتایا گیا ہے کہ 29 قیدی ہیپاٹائٹس بی، 25 ایڈز اور 4 قیدی ٹی بی میں مبتلا ہیں ، سب سے زیادہ 47 بیمار قیدی پشاور سینٹرل جیل میں ہیں۔
دستاویز میں انکشاف کیا گیاہے کہ خیبرپختونخوا کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں ، جیلوں میں 13 ہزار 76 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ ابھی یہ تعداد 14 ہزار 321 ہے۔
دستاویز کے مطابق جیلوں میں موجود قیدیوں میں صرف 2 ہزار 897 سزا یافتہ ہیں جبکہ 11 ہزار 424 قیدی فیصلوں کے منتظر ہیں۔
دستاویز کے مطابق انڈر ٹرائل قیدیوں کا تناسب 79 فیصد ہے ۔